اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آئی سی سی آئی کاروبار کے فروغ کی راہ میں حائل تمام چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ثابت قدم ہے۔
صدر قریشی نے اسلام آباد میں ایک جدید ترین ایکسپو سینٹر کے قیام کے لیے چیمبر کے عزم کی بھی نشاندہی کی جو کہ مینوفیکچررز کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مصنوعات کی نمائش کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہو گا ۔ انہوں نے صنعتی ترقی کو تقویت دینے اور رسائی کو بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک طور پر واقع ایک جدید صنعتی اسٹیٹ کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں دیگر چیمبرز آف کامرس کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنایں گی
جبکہ برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع بھی پیدا کریں گی۔ صدر قریشی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کوششیں کاروباری سرگرمیوں کو متحرک کریں گی، روزگار کے مواقع پیدا کریں گی، معاون صنعتوں کو تحریک دیں گی اور برآمدی صلاحیت میں اضافہ کے ذریعے زرمبادلہ کمانے کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے ممبران کے لیے خدمات کی فراہمی کو بڑھانے کے لیے چیمبر کی جاری پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی اور چیمبر سیکرٹریٹ کے عملے کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے جدید تربیت سے آراستہ کرنے کے عمل پر بھی روشنی ڈالی اور ICCI کو ایک مثالی کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔