گوجرانوالہ( آئی ایم ایم)ممتاز روحانی رہنما اور سجادہ نشین نیک آباد شریف پیر عثمان افضل قادری نے علمائے کرام کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم دینی امور کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ جبکہ وطن عزیز کے استحکام وسلامتی اور امن وامان کو فروغ دینے کے حوالہ سے اہم تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا کہ دین کے اصل رہنما علماکرام اور مشائخ عظام ہیں ،نئی نسل کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے حکومت، اداروں اور علما کرام نے مل کر کام کرنا ہے، ہم نے ملک کی خاطر دہشتگردی کی لعنت کے خلاف متحد ہونا ہے، علماکرام یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیں گے تو اس کا اثر بہت زیادہ ہو گا اور مضبوط پیغام جائے گا، ہمیں اسلام کے نام کا غلط استعمال بند کرانا ہے، دہشت گردی سے متعلق علما کرام کی تجاویز پر عملدرآمد بھی کرایا جائے گا، اس موقع پر حافظ عقیل، مولانا حمیر علی ودیگر موجود تھے۔