اسلام آباد(آئی ایم ایم) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایران پاکستان کا اہم برادر ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ایرانی سفیر رضا امیری مغدام کی ملاقات کے دوران کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے پارلیمانی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں پاکستان کی ترجیحات کا ذکر کیا اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مسلسل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مغدام نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں توانائی، مینوفیکچرنگ اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایرانی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔