پشاور (آئی ایم ایم)پشاور میں پہلی حج تربیتی ورکشاپ آج 18 جنوری، 2025 بروز ہفتہ، کنونشن ہال، انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز، حیات آباد فیز 7، پشاور میں منعقد ہوئی۔ وزارت مذہبی امور کے ماسٹر ٹرینر اور ڈپٹی سیکرٹری حج آپریشن ناصر عزیز خان اور مفتی محمد الیاس، خطیب مسجد حاجی کیمپ پشاور نے عازمین حج کو بالترتیب انتظامی امور اور مناسک حج پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انتظامی امور میں موبائل ایپ ‘پاک حج’ کا استعمال، سفر حج کی تیاری، لازمی ویکسین کا شیڈول، حاجی کیمپ میں موجود سہولیات، سامان سفر، ایئرپورٹ، دوران پرواز، سعودی عرب آمد، وہاں موجود رہائش، خوراک و سفری سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مفتی الیاس نے عازمین حج کو پہلا عمرہ، حج کے فرائض، واجبات، احرام باندھنے کا طریقہ کار، ممنوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تربیت کے اختتام پر عازمین حج کے مختلف سوالات کے جوابات دیے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر حاجی کیمپ پشاور اقرار احمد عملہ سمیت موجود رہے اور دوران تربیت عازمین حج کی تمام ضروریات کا خیال رکھا۔