اسلام آباد(آئی ایم ایم)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن کے فروغ اور ترقی کے لیے اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ سب مل کر کام کریں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں روٹری کلب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے روٹری کلب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کلب کی جانب سے صاف پانی کی فراہمی اور شجرکاری پر جو کام کیا جا رہا ہے، وہ پورے پاکستان میں ہونا چاہیے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ آج منرل واٹر کی بوتلوں نے وہ جگہ لے لی ہے جو پہلے علاقے کے پانی کے استعمال کی تھی۔
انہوں نے پاکستان میں پولیو کے 73 کیسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی پولیو مہم کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی بی نے اپنی صاحبزادی کو پولیو ڈراپ پلا کر اس مہم کا آغاز کیا تھا، اور آج بھی آصفہ بھٹو پولیو مہم کی سفیر ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پولیو کے لیے ایک خصوصی مشیر مقرر کیا گیا ہے، اور پولیو مہم کے حوالے سے گورنر ہاؤس کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس میں عنقریب امراضِ قلب کے حوالے سے ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں تمام افراد کو دعوت دی جائے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے روٹری کلب کے ممبران کی محنت اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور گورنر، اگر کہیں بھی ان کی ضرورت پیش آئے تو وہ حاضر ہیں۔ گورنر ہاؤس ہر وقت عوام اور روٹری کلب کے ممبران کے لیے حاضر ہے۔