اسلام آباد(آئی ایم ایم)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائریکٹر ظفر محمود نے ملکی ترقی میں کاروباری برادری کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کمرشل بلڈنگز کے حفاظتی قواعد و ضوابط پر کمیونٹی کے تعاون کو آجاگر کیا ہے ۔ منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی سے ملاقات کے دوران کہ جس میں سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ملک محسن خالد، محمد وسیم چوہدری، آئی سی سی آئی کے صدر کے خصوصی مشیر نعیم صدیقی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور آئی سی سی آئی کے دیگر ممبران بھی موجود تھے
ظفر محمود نے بتایا کہ ان کا محکمہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے لیس اور تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے لازم ہے کہ وہ آگ بجھانے کے آلات کو آپ ڈیٹ رکھیے اور عمارات کی حفاظت سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل کرے تاکہ عمارات اور انسانی حفاظت دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ ظفر محمود نے کاروباری برادری کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا نقطہ نظر جرمانے عائد کرنے یا کاروباری اداروں کو سیل کرنے کے بجائے مشاورتی اجلاسوں پر مرکوز ہے انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ 2016 کے بلڈنگ کوڈ کی پابندی نئی تعمیر ہونے والی کمرشل عمارتوں کے لیے لازمی ہے جبکہ موجودہ عمارتیں پورٹیبل فائر سیفٹی آلات لگا کر حفاظتی معیارات پر پورا اتر سکتی ہیں۔
آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے ان کے مشاورتی انداز کو سراہا اور تاجر برادری کی ملک کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مختلف چیلنجز پر قابو پا کر قوم کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔ سرکاری محکموں کے ساتھ مکمل تعاون کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے صدر قریشی نے فیصلہ سازی میں تاجر برادری کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔
انہوں نے کاروباری برادری کے لیے خدمات کو بڑھانے کے لیے ICCI کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا حس میں ایک انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ERP) سسٹم کو اپنانا بھی شامل ہے۔اس نظام کا مقصد طریقہ کار میں انسانی مداخلت کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی سی سی آئی کو ملک کے ایک ماڈل چیمبر میں تبدیل کرنے کے لیے کئی دیگر اقدامات پائپ لائن میں ہیں۔