پشاور(نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ عام انتخابات سے بائیکاٹ نہیں کرے گی۔
پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن پر ختمی کارروائی سے روک دیا ہے، ہائی کورٹ میں کیس دائر نہ کرتے تو الیکشن کمیشن بیٹ کا نشان تبدیل کرتا جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بھی 12 تاریخ کو طلب کیا ہوا ہے، عدلیہ سے اچھے کی امیدیں وابستہ ہے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن پر حتمی فیصلے سے روک دیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ میں انٹراپارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔
عدالت نے وکیل کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس پر حتمی فیصلے سے روک دیا،عدالت نے کہاکہ درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن فائنل آرڈر پاس نہ کرے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی 3، شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں ضمانتیں منظور