گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کافیصلہ مسئلہ کشمیرپر جانبداری، تعصب، تنگ نظری اور مذہبی انتہا پسندی کا عکاس ہے، عالم کفر اہل اسلام کے خلاف متحد یکجا اور جاریت اختیار کیے ہوئے ہیں، سلامتی کونسل، او ائی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسئلہ کشمیر پر اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں،نہتے کشمیریوں اور فلسطینیوں کی ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب پاکستان سنی تحریک صوبائی صدر شمالی پنجاب محمد زاہد حبیب قادری، ضلعی رہنما محمد جاوید بٹ سٹی صدر عطا الرحمن خان صافی کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال دیکھ کر محسوس ہو رہا ہے جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون پوری دنیا پر رائج ہو چکا ہے، پاکستان سنی تحریک کے شمالی صدر پنجاب محمد زاہد حبیب قادری ، ضلعی رہنما محمد جاوید بٹ نے کہا ہے کہ فیصلہ انڈین سپریم کورٹ کے دامن پر سیاہ دھبہ ہے، سپریم کورٹ اف انڈیا نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی بجائے انصاف کا قتل عام اور تعصب تنگ نظری مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دے کر عدلیہ سے اعتماد اٹھا دیا ہے، جبکہ اس موقع پر سٹی صدر عطا الرحمن خان صافی، محمد سجاد حیدر نقشبندی، محمد فائق قادری، محمد آصف مغل، محمد یعقوب قادری، حافظ محمد شعیب اور دیگر نے کہا کہ کیا عالمی برادری چاہتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھی غزہ بنے؟ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی پر اسرار اور مجرمانہ خاموشی دنیا میں فساد اور تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔