اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز احمد ورک (سی ٹی او) اسلام آباد نے پولیس ملازمین کو درپیش محکمانہ اور ذاتی نوعیت کے مسائل کے بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل کو یقینی بنانے کیلئے اردل روم کا انعقاد کیا۔اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران و ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبرناصرخاں کی خصوصی ہدایت پر پولیس ملازمین کو درپیش محکمانہ اور ذاتی نوعیت کے مسائل کے بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل کو یقینی بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر اردل روم کا انعقاد کیا جا رہا ہے ،اس سلسلے میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کی جانب سے اردل روم کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پولیس افسران و ملازمان نے شرکت کی، اردل روم میں پولیس ملازمین نے ذاتی اور سرکاری نوعیت کے مسائل سی ٹی او اسلام آباد کے سامنے رکھے،حل طلب مسائل کا موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے باقی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں رہائش ،بہترین طبی سہولیات اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا شامل ہیں، آپ کو کسی بھی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو میرے دفتر کادروازہ آپ کے لئے ہمیشہ کھلا ہے، ہم سب نے مل کر اس شہر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد نے مزید کہا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود ،ذاتی و سرکاری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ان کے مورال کو بلند کرنا ہے ،بطور کمانڈر میرا فرض ہے کہ میں اپنی فورس کہ ہر طبقہ کے ملازمین کی فلاح و بہبود اوردیگر مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کروں۔
مزید پڑھیں: ناقص تفتیش پراسلام آباد پولیس کے پانچ سب انسپکٹرز معطل