اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے والے الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید گل نے کہا کہ عام انتخابات 2024 کے لیے آئی جی پنجاب نے ممکنہ سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے پولیس کے ساتھ قانون نافذ کرنے والےاداروں سے بھی مدد لی جائے گی، البتہ تمام امیدواروں کے ساتھ ایک جیسا برتاؤ کیا جائے گا، کسی امیدورا کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی۔
مزید پڑھیں: انتخابات 2024ء: امیدوار بننے کیلئے بنیادی اہلیت کیا ہے؟ الیکشن کمیشن نے بتا دیا
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے والے الیکشن لڑنے کے اہل نہیں، پنجاب میں 50 ہزار کے قریب پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے جہاں ڈھائی لاکھ سے زائد نفری تعینات کی جائے گی۔