نیویارک(نیوزڈیسک)پاکستان نے دہشتگرد حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھادیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور اس سےجڑی تنظیموں سے سنگین نوعیت کے خطرات درپیش ہیں، یہ تنظیمیں پاکستان میں منظم دہشتگردی میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کی موجودگی نہ صرف افغانستان بلکہ خطہ کے لیے خطرہ ہے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ سے جدید فوجی اسلحہ دہشتگردوں کے ہاتھ لگنے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
غزہ کے معاملے پر منیراکرم نے کہا کہ صرف حماس کو مورد الزام ٹھہرایا گیا تویہ غیرمنصفانہ ہوگا، لوگوں کو مارا جائےگا تو وہ بھی ویسا ہی سلوک کریں گے لہٰذا غزہ میں فوری جنگ بندی ممکن بنائی جائے۔
پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ دنیا فلسطینیوں کے یک طرفہ قتل عام پر توجہ دے، اسرائیل کا ہدف صرف حماس کا خاتمہ نہیں بلکہ فلسطینیوں اور فلسطین کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے، اسرائیل اب تک 25 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسا چکا ہے، ہیروشیما اور ناگاساکی پرجو ایٹم بم گرائے گئے اتنا بارود غزہ پربرسایا گیا، اس لیے ذمےدار دونوں فریقوں کو ٹھہرایا جائے، بالخصوص اسرائیل کو۔
مزید پڑھیں: ورلڈ بینک کی پاکستان کیلئے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری