اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اور ترجمان چیئرمین پی پی پی ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ 30 سال سے پنجاب پر قابض ٹولے نے پنجاب کے عوام کو بنیادی ضرورتوں سے محروم رکھا ہے۔ سندھ کی طرح پنجاب میں ایک بھی این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یوٹی اور گمبٹ جیسا ہسپتال نہیں بنایا۔ پنجاب کے غریب لوگ دل، جگر، گردوں اور کینسر کے امراض کے مفت علاج کے لئے سندھ جاتے ہیں۔ عظیم قومی گلوکار شوکت علی نے بھی مفت علاج کے لئے سندھ کا انتخاب کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شوکت علی کے علاج کے لئے خصوصی توجہ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سندھ کی طرح پنجاب میں بھی این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یوٹی اور گمبٹ جیسے ادارے قائم کریں گے جن کی وجہ سے غریب عوام کا مفت علاج ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری پنجاب اور پاکستان کے عوام کی سیاسی آزادی کا دن ہوگا۔ پنجاب کا ہر نوجوان چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا سفیر بن کر انتخابات میں پیپلزپارٹی کے نمائندوں کو کامیاب کرائے گا۔ ایک بیان میں ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر میں اور خاص طور پر پنجاب میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔