راولپنڈی(نیوز ڈیسک)ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے احکامات جاری کردیے۔
جیونیوز کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جاری کیے جو پنڈی پولیس چیف کی سفارش پر جاری کیے گئے ہیں۔
ڈی سی کے احکامات میں کہا گیا ہےکہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں اور ان سے تفتیش درکار ہے لہٰذا ان کی نظر بندی کے آرڈر جاری کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں ہی نظر بند کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہےکہ سائفر کیس میں عمران خان کے شریک ملزم شاہ محمود قریشی کی ضمانت سپریم کورٹ نے منظور کی تھی، ان کے وکلا نے آج ضمانتی مچلکے جمع کرائے جس کے بعد آج شاہ محمود کی جیل سے رہائی کا امکان تھا۔
شاہ محمود کے وکیل کی میڈیا سے گفتگو
شاہ محمود قریشی کے وکیل تیمور ملک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے شاہ محمود کی ضمانت منظور کی ہے اور سپریم کورٹ کے آرڈر کی مصدقہ کاپی موصول ہوچکی ہے، ہم نے عدالت کو مچلکے بھی پیش کردیے ہیں۔
بیرسٹر تیمور ملک نے کہا کہ ہم نے عدالت سے کہا شاہ محمود کی روبکار جاری کریں، اب ہمیں پتا چلا کہ جج صاحب اسلام آباد چلے گئے ہیں، آج اگر روبکار جاری نہ ہوئی تو سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کریں گے۔