اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر NEOC کا دورہ کیا۔ جہاں وزیرِاعظم کو پاکستان کی ملک میں آفات کے حوالے سے تیاریوں، آفات کے بعد بحالی کے کام اور متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے 28ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز اجلاس (COP-28) میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔
نگران وفاقی وزراء جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر شمشاد اختر اور متعلقہ حکام بھی بریفنگ میں وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ اجلاس کو چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹینینٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکاء کو بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کے تحت پاکستان میں آفات سے نبٹنے کیلئے لائحہ عمل تیار ہے جس میں قدرتی آفات سے دو ماہ پہلے کی پیشن گوئی اور اس کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: نگران وزیر اعظم اور کابینہ اراکین کو عہدے سے ہٹانے کیلئےالیکشن کمیشن میں درخواست دائر
اجلاس کو COP-28 کے تناظر میں بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور جغرافیائی اعتبار سے لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے ذیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جس کی وجہ سے گلیشیئرز میں کمی، سیلاب، GLOF، برفانی تودوں، لینڈ سلائڈنگ، جنگلی آگ اور دیگر خطرات کا سامنا ہے۔