اسلام آباد (ویب ڈیسک ) آئندہ برس 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیےکاغذاتِ نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں آج سے دائر کی جاسکیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے اور منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوچکا، آج سے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کےکاغذاتِ نامزدگی سے متعلق درخواستیں دائر کرنے کی مہلت 3 جنوری ہے، ایپلٹ ٹریبونلز ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 10 جنوری تک فیصلہ کرنےکے پابند ہوں گے۔
اپیلوں پر فیصلوں کے بعد 11 جنوری کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائےگی، امیدوار 12 جنوری تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
13 جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور انتخابی نشانات الاٹ کر دیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کی انتخابی مہم 6 فروری کی نصف شب کواختتام پذیر ہوگی، 8 فروری کوملک بھر میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوگی۔