مظفرآباد :سکالرز یوتھ فورم کے زیر اہتمام ”رول آف وویمن، یوتھ اور ڈسپورہ آن کشمیر“ کے موضوع پر مظفر آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان ہیومن رائٹس اینڈ وومن ایمپاورمنٹ مشعال ملک تھیں۔سیمینار میں چیئرمین جموں کشمیر حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین، میر سٹوک آن ٹرینٹ ماجد خان، ڈائریکٹر جنرل جموں کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف، چیرمین سکالر فاونڈیشن آزادکشمیر سید افتخار کاظمی،سردار علی شان، سیکرٹری جنرل سنٹرل پریس کلب بشارت مغل، ایڈوائزر یوتھ آفیرز پروفیسر ظفر،چیئرمین سٹیٹ کمیشن فار وویمن ریحانہ خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سینٹرل سٹریجیٹک سٹڈیزڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ،سابق سٹی صدرمظفرآباد مسلم لیگ ن محترمہ سائرہ چشتی،مذہبی سکالر محترمہ رشیدہ نورین،پرنسپل سکالر کالج سمیعہ صدیق سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان ہیومن رائٹس اینڈ وومن ایمپاورمنٹ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کررہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہوگا، طلبا مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تحقیق کی جانب بڑھیں۔خواتین مثالی کردار ادا کریں گی تو مسئلہ کشمیر دنیا بھرمیں بہتر انداز میں اجاگر ہو سکے گا۔ انھوں نے کہا کہ 100 دنوں کے وویمن ایمپاورمنٹ کے منصوبہ کے مقاصد میں خواتین کی ترقی کے اہداف مقرر ہیں جن کو حاصل کرنے کے لیے آزادکشمیر کی حکومت کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایچ ای سی آزادکشمیر کی جامعات میں کشمیر ڈیسک قائم کرے گی۔ خواتین کو سیاسی اور معاشی طور پر باشعور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ بھارتی حکومت نوجوانوں کو ٹارچر سیلز میں تشدد کا نشانہ بنارہی ہے۔ کشمیری حریت قیادت پابند سلاسل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے آواز بلند کرنے والوں کو جائیدادوں کی ضبطگی جیسی سزاؤں کاسامنا کرناپڑتاہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم افسوسناک ہیں۔ اقوام متحدہ فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کا نوٹس لے۔ معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان ہیومن رائٹس اینڈ وومن ایمپاورمنٹ نے واضع کیا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے سے مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا قانونی جواز میسر آگیا ہے۔ مسئلہ کشمیر درحقیقت انسانی حقوق کا مسئلہ بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کو قیادت سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان اور بلخصوص خواتین آگے بڑھیں اور مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے ڈسپورہ کیساتھ مل کر کردار ادا کریں تاکہ عالمی اداروں تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو پہنچایا جاسکے۔ ڈائریکٹرکشمیر لبریشن کمیشن راجہ سجاد لطیف نے کہا کہ ہمیں کشمیر نریٹو کو عمدگی کیساتھ نئی نسل تک پہنچانا ہوگا۔ مسلہ کشمیر کے سیاسی اور قانونی پہلو پر غور و فکر کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مربوط اور منظم پالیسی سے ہی ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی بیانیے کو شکست دی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ حق خودارادیت کی حمایت کی ہے جبکہ بھارت ہمیشہ حق خودارادیت کے مطالبہ سے پہلو تہی کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلہ کشمیر اور بلخصوص حق خودارادیت کے لیے عالمی فورمز پر کشمیریوں کی نمائندگی قابل ستائش ہے جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین مرکزی کردار کے طور پر سامنے آئیں۔تحریک آزادی میں خواتین کی نمائندگی ضروری ہے۔طلباء ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین، نوجوان، طلباء اور اوور سیز کشمیری مل کر تحریک کے لیے کردار ادا کریں۔مقبوضہ کشمیر کی آواز دنیا میں بلند کرنے کے لیے انٹرنیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے انھوں نے کہاکہ انٹر نیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی میں آزادکشمیر، پاکستان اور ڈسپورہ کے لوگ مل کرمسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کریں گے۔جب کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈمئیر سٹورک آن ٹرینٹ ماجد خان نے کہا کہ نوجوان ٹیکنالوجی کے ذریعے سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ تحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے نوجوانوں کے کردار مثالی ہے۔ ہمیں متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔ ڈائسپورہ اور نوجوان کے موثر کردار کی ضرورت ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹریٹجک سٹڈیز ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ نے کہا کہ کشمیری خواتین کی تحریک کو کمیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے جدوجہد کا عملی حصہ بننا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوان اور طلبا مسلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں دنیا بھر میں اجاگر کریں، انھوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں مسلہ کشمیر کو مفصل انداز میں شامل کیا جائے تا کہ ہماری نسلیں مسلہ کشمیر اور تحریک آزاد کے مقاصد کو لے کر آگے چل سکیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی کربناک داستانیں ہیں ہمیں نئی نسل کو اپنی تاریخی حقائق سے روشناس کروانا ہوگا۔ مزید برآں چیرمین سٹیٹ وویمن کمیشن محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ خواتین کا مسلہ کشمیر کے لیے واضع کردار ہونا چاہیے۔ ہمیں خواتین کی تربیت کرنا ہوگی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو تنہانہیں چھوڑا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ 73 سال سے جاری جدوجہد آزادی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔ مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ چشتی نے کہا کہ نوجوان جدوجہد آزادی کا مرکزی کردار ہیں، نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہو گا، کشمیر کی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمیں اپنی نسلوں کو تحریک آزادی کو جاری رکھنے کی تربیت دینا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ نئی نسل آگے بڑے اور جدوجہد آزادی کے لیے کردار نبھائے۔سیکرٹری جنرل سنٹر پریس کلب مظفرآباد بشارت مغل نے کہا کہ مسلہ کشمیر نسانی حقوق کا مسلہ ہے، انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر میں پامالیاں جاری ہیں،۔ جبر کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ آزادکشمیر کا میڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو خاص نشانہ بنا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کی حالت تشویشناک ہے۔ عالمی منظر نامے پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ہمیں بھارتی حکومت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں دنیا کو بتانا ہوگا۔ ایڈاوائزر یوتھ پروفیسر ظفر، کوآرڈینیٹر سکالر فاؤنڈیشن نور فاطمہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خواتین کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں تا کہ مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔تقریب میں چیئرمین جموں کشمیر حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین، میر سٹوک آن ٹرینٹ ماجد خان اور چیرمین سکالر فاونڈیشن آزادکشمیر سید افتخار کاظمی نے مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان ہیومن رائٹس اینڈ وومن ایمپاورمنٹ مشعال ملک کو شیلڈ پیش کی۔ جبکہ معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان ہیومن رائٹس اینڈ وومن ایمپاورمنٹ مشعال ملک،چیئرمین جموں کشمیر حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین، میر سٹوک آن ٹرینٹ ماجد خان، ڈائریکٹر جنرل جموں کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف،سردار علی شان، سیکرٹری جنرل سنٹرل پریس کلب بشارت مغل نے سکالر ز فاؤنڈیشن کے اراکین اور طلباو طالبات میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے۔ جبکہ چیرمین سکالر فاونڈیشن آزادکشمیر سید افتخار کاظمی نے معاون خصوصی برائے وزیر اعظم پاکستان ہیومن رائٹس اینڈ وومن ایمپاورمنٹ مشعال ملک اور دیگر مہمانان گرامی کا پروگرام میں شرکت پر شکریہ بھی ادا کیا۔