اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بھرپور طریقے سے اجاگرکرنے کی ہدایت کرتےہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے مواقع کی نشاندہی کرنا پاکستان کے تمام سفارتی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
نگران وزیراعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کی مؤثر نمائندگی پر سراہا ۔ نگران وزیراعظم نےمنیر اکرم کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو تواتر سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ عالمی سطح پر ملک کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے مواقع کی نشاندہی کرنا پاکستان کے تمام سفارتی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ منیر اکرم نے وزیراعظم کو اپنے مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں.