اسلام آباد: عام انتخابات سے قبل وفاقی سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق عمر حمید نے ناسازی طبیعت کے باعث اپنے عہدے سے استعفی دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے تاحال سیکریٹری الیکشن کمیشن کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے، عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: سابق وزیر میاں اسلم اقبال کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی
مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترجمان الیکشن نے جاری بیان میں کہاہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک ذہین اور محنتی آفیسر ہیں اور وہ بہت اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کر رہے ہیں تاہم پچھلے کچھ دنوں سے ان کی صحت خراب تھی اور وہ اس سے قبل بھی میڈیکل ریسٹ پر رہے ہیں۔اب بھی اگر ان کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد ہی اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور اس کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے۔حتی کہ تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن اور اس کے دفاتر کام کر رہے ہیں۔سیکرٹری کی غیر موجودگی میں کمیشن کے دونوں سپیشل سیکرٹری صاحبان احسن طریقے سے کمیشن کے کام کو چلا رہے ہیں۔