اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) موٹروے2 M اسلام آباد سے بلکسر تک، ایم 1 پشاور سے اسلام آباد تک ،سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ،موٹروے M -14 ہکلا سے فتح جھنگ ،ہزارہ ایکسپریس وے برہان سے جھاری کس تک دُھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے ۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے ۔شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں ۔ ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔
سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔