راولپنڈی (سپیشل رپورٹر)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا بحرین کے دو روزہ سرکاری دورہ کیا ،جہاں انہوں نے بحرینی فرمانروا، ولی عہد اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران بحرینی فرمانروا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ فوجی اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بحرینی قیادت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کیلئےجاری کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ تقریب میں انسداد دہشتگردی کی تربیتی مشق سے متعلق شاندار مظاہرے کا پیش کیا گیا، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: مسلح افواج ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں: آرمی چیف
بحرین کے فرمانروا نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے بھی نوازا۔