راولپنڈی : راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سانحہ 9 مئی سے متعلق درج 12 مقدمات کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
عدالت نے 9 مئی مقدمات میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز آصف نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد تمام تھانوں کی تفتیشی ٹیمیں ایک ساتھ ہی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تفتیش کرسکیں گی۔
عدالت نے حکم دیا کہ بانی چییرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے باہر نہیں لے جایا جاسکے گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے 11 جنوری کو مکمل تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ مقدمے کی اگلی سماعت 11 جنوری کو صبح 10 بجے اڈیالہ جیل میں ہی ہوگی۔