خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 2 جوان بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد آفتاب عرف ملنگ،مسعودشاہ ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان( سپاہی محمد افضل اور سپاہی ابرار حسین) شہید ہوئے ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، ان سےاسلحہ،گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: فیض آباددھرناکیس: کمیشن نے سابق سربراہ آئی ایس آئی فیض حمید کو طلب کرلیا
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔