پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا بابر کی فارم خراب چل رہی ہے، بابراعظم نے بے شمار رنز کر رکھے ہیں جن کی میں گنتی بھی نہیں کرسکتا۔
آکلینڈ میں پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بابر اور رضوان دنیا کی بہترین اوپننگ جوڑی ہے اور رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل 17 ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں، اس دورے پر مختلف کمبینیشن بنائیں گے، کون کس جگہ پر بہتر کھیل رہا ہے، جب انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے جائیں گے تو سب کو معلوم ہو گا کس نے کیا کرنا ہے۔
ورلڈ کپ سے پہلے چاہتے ہیں معلوم ہو کون کس پوزیشن پر کھیلے گا،چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل کوئی انجری کا شکار نہ ہو،ان کا کہنا تھا کہ میں مکمل فٹ ہوں، دو ٹیسٹ میں زیادہ بالنگ ہو گئی تھی، مینجمنٹ نہیں چاہتی تھی کہ پھر کوئی انجری ہو جائے،اگر سیریز جیتنے کا کوئی موقع ہوتا تو ضرور کھیلتا۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے لیے بڑا فخر کا لمحہ ہے میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں، ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم اچھی کھیلتی ہوئی آ رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کے بڑے ایونٹ میں بھی کارکردگی اچھی رہی ہے، لیکن بدقسمتی سے ان ایونٹس میں وہ نتائج نہیں ملے جو ملنے چاہیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سیریز میں کوشش ہوگی سب کو موقع ملے،میری پہلے اوور میں وکٹ اتنی زیادہ نہیں ہے، پہلے اوور میں وکٹ 15 یا 16 میچز میں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مجھ میں جو کمی ہے کوشش ہو گی کہ اسے دور کروں۔