عام انتخابات 2024 کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کے وقت میں پانچویں بار توسیع کرکے رات ساڑھے 11 بجے کردیا گیا۔
اس سے قبل امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا وقت شام 4 بجے مقرر کیا گیا تھا۔ پھر اس میں توسیع کرتے ہوئے شام 7 بجے کردیا گیا، الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نشان الاٹ کرنے کے وقت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
تاہم الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے وقت میں پہلے رات 9 بجے تک، پھر رات ساڑھے 10 بجے تک توسیع کردی تھی۔
انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کا وقت ایک بار پھر بڑھا کر رات 11 بجے کیا گیا اور اب یہ وقت بڑھا کر ساڑھے گیارہ بجے کردیا گیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وقت سپریم کورٹ کے فیصلے کے انتظار کے باعث بڑھایا گیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی تھی کہ ریٹرننگ افسران کسی ایک پارٹی کے امیدوار کو دوسری پارٹی کا انتخابی نشان نہ دیں۔
الیکشن کمیشن کا یہ حکم نامہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پلان بی سامنے آنے کے بعد جاری کیا گیا۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے، ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہو سکتا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ایسی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن سے الیکشن کمیشن کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔