اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاک ایران کشیدگی اور سیکیورٹی کی صورتحال وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاک ایران کشیدگی کے باعث نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سوئٹزرلینڈ کا دورہ مختصر کرلیا ہے۔
ایران سے کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وزیراعظم آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیف شریک ہوں گے۔
سول وعسکری قیادت پاک ایران کشیدگی اور سیکیورٹی کی صورتحال پر غور کرے گی، وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج ہی طلب کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ 17 جنوری کو ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔
ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر پاکستان نے آج علی الصبح ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے تھے۔