لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی فیملی نے ثانیہ مرزا سے طلاق کی تصدیق کر دی۔
شعیب ملک کی فیملی میں سے کسی نے شادی میں شرکت نہیں کی، شعیب ملک کی فیملی ثانیہ مرزا سے شادی ختم ہونے پر سخت رنجیدہ ہے۔
شعیب ملک کے برادر ان لاء عمران ظفر نے کہا کہ مجھے بھی شادی کا سوشل میڈیا سے پتہ چلا ہے، خاندان میں سے کوئی شادی میں شامل نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میں باقاعدہ طلاق ہو چکی ہے۔
واضح رہے قومی کرکٹر شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی، شعیب ملک نے دوسری شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
کرکٹر شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں الحمد اللہ لکھا اور قرآنی آیت لکھی جس کا ترجمہ یہ ہے کہ ’ہم نے آپ کو جوڑوں میں بنایا‘۔
کرکٹر شعیب ملک کے خاندانی ذرائع نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی چند دن قبل کراچی میں ہوئی۔
دوسری جانب ماڈل و اداکارہ ثنا جاوید نے بھی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنا نام ثنا جاوید سے تبدیل کرکے ثنا شعیب ملک رکھ دیا ہے۔ اور اسی کیپشن کے ساتھ جو شعیب ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا تھا انہوں نے بھی تصویر پوسٹ کی۔
شعیب ملک کی ثانیہ مرزا سے طلاق کی افواہیں
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام اذہان ہے۔
دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔
کئی ماہ سے طلاق کی افواہیں گردش کرنے کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی ہے۔
تاہم اس دوران شعیب ملک متعدد بار ثانیہ مرزا کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریف کرچکے ہیں۔
ایک انٹرویو میں وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نہ صرف ان کے اور ثانیہ مرزا بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔