راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن ژوب کے علاقے سمبازا سیکٹر میں کیا گیا، مارے گئے دہشتگرد فورسز کےخلاف دہشتگرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔