ساہیوال (عامر رفیق بٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیالوں کے شکرگزار ہیں جو اتنی مشکل کے باوجود اجتما ع میں شرکت کر رہے ہیں۔، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت سخت مشکل حالات میں سے گزر رہا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو عوام کو درپیش مسائل کو حل کر سکتی ہے جبکہ دیگر تمام پارٹیاں اور سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے کے لئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اگر وہ برسر اقتدار آئے تو اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح غربت، مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے ہم تقسیم ہو کر اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنے کے لئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم تاریخ کے اس مشکل دور پر قابو پانے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے پر عمل کریں گے۔ ہمارا دس نکاتی عوامی معاشی معاہدہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہے۔ ہم اس ایجنڈے کے ذریعے غربت اور مہنگائی سے نمٹیں گے۔ ہمیں اگر کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں کا خیال رکھنا ہے اور غربت اور مہنگائی سے نمٹنا ہے تو ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلنا پڑے گا۔ ہم نے پہلے بھی خواتین کے لئے انکم سپورٹ پروگرام متعارف کرایا اور ہم آئندہ اسے وسعت دیں گے اور خواتین کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کر سکیں اورملک میں معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ ہم ساہیوال اور پاکستان کے کسانوں کے لئے بینظیر کسان کارڈ متعارف کرائے گے کیونکہ ہمارا فلسفہ ہے کہ کسان خوش تو پاکستان خوشحال۔ ہم چھوٹے کسانوں کو ان کی فصلوں کی انشورنس دلائیں گے۔ ہم اشرافیہ کو 1500ارب روپے کی سبسیڈی دینے کی بجائے کسانوں کو بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے مالی مدد باہم پہنچائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کو ان کا حل دلوائے گی۔ یہ سہولت تمام قسم کے مزدوروں کے لئے ہوگی۔ ہم ملک کے نوجوان آبادی یوتھ کارڈ دیں گے جس کے ذریعے ہم ایک سال تک ان کی مالی مدد کریں گے اور ان کے متعلقہ شعبوں میں مہارت کے لئے ان کی تربیت کریں گے۔ ہم نوجوانوں کی اس وقت تک دیکھ بھال کریں گے جب تک انہیں روزگار نہیں مل جاتا۔ پی پی ی چیئرمین نے کہا کہ صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ ہم صحت کا ایسا نظام متعارف کروائیں گے جس میں پورے پاکستان کے صحت کے ادارے قائم کرکے صحت کی مفت سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ہم نے پہلے ہیں سندھ میں ایسا کرکے دکھایا ہے۔ ہم نوجوانوں کے لئے ہر ضلعے میں یونیورسٹیاں اور کیمپس بنائیں گے۔ یہ وہ تمام وعدے ہیں جو ہمارے دس نکاتی عوامی معاشی معاہدے میں شامل ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسری پارٹیاں ہمیں تقسیم کرنا چاہتی ہیں جبکہ ہم یہ انتخابات اپنے منشور پر لڑ رہے ہیں۔ ہم اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف گالم گلوچ کی زبان استعمال نہیں کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کا منشور گھر گھر لے کر جائیں اور عوام کو بتائیں کہ پی پی پی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کی خدمت کرتی ہے۔ ہم ایک نئی طرز کی سیاست متعارف کرانا چاہتے ہیں جس کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ قوم کی تقدیر صرف ایک مدت کے اندروزیراعظم بن تبدیل کر دیں گے اور اپنے وعدے پورے کرنے کے لئے انہیں چار مرتبہ حکومت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے جس کے لئے آپ کو سخت محنت کرنی ہوگی اور آئندہ اٹھارہ دنوں میں پارٹی کا پیغام ساہیوال کے ہر بھائی بہن کے پاس پہنچانا ہوگا۔ ہمیںایک نئی طرز کی سیاست کا انتخاب کرنا ہوگا اور وہ سیاست کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں اور پاکستان کے پسماندہ طبقات کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں صرف دو پارٹیاں حصہ لے رہی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ ہو تو پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخاب کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آپ ملک میں نئی قیادت چاہتے ہیں تو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے تیر پر ٹھپہ لگائیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ وہ لوگ گھر بیٹھیں جو روایتی سیاست کرتے ہیں تو آپ کو تیر کے نشان پر ٹھپہ لگانا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کریں۔ اگر پیپلزپارٹی کامیاب ہوتی ہے تو یہ عوام کی کامیابی ہے۔ ہم ساتھ مل کر قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کریں گے۔