اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ معذوری کو اپنی طاقت بنا کر معاشرے کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنا قابل فخر کام ہے ۔حکومت سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لئے ان کے 5 فیصد کوٹے پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائے گی ۔اخوت پروگرام کے تحت وزیراعظم روزگار سکیم کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو قرضے دینے کے عمل میں خصوصی افراد کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ خصوصی افراد معاشرتی معاملات میں مختلف کردار ادا کرتے ہیں، ان کا معاشرتی میل جول اور مختلف حلقوں میں شامل ہونا معاشرتی ترتیبات کو بڑھاتا ہے۔ ایسے افراد مختلف مواقع پر محنتی اور تعلیمی کام کرکے معاشرتی ترقی میں شرکت کرتے ہیں اور اپنے اپنے شعبوں میں خدمات فراہم کرتے ہیں۔آپ معاشرے کے حوصلہ مند شہری ہیں آپ کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں ۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزادکشمیر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کیا جس نے عقاب سکول فار دی بلائنڈ کے پرنسپل پروفیسر الیاس ایوب کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ
خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت تمام تر اقدامات کرے گی ،اہم تعلیمی اداروں میں خصوصی افراد کو تعلیم حاصل کرنے میں بھرپور معاونت کی جائے گی اس سلسلےمیں انہیں برائل ہیلپ ٹیچنگ اور اہم تعلیمی مواد فراہم کرنے کےلئےاقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ روزگار یا ہنر سیکھانے کی تربیت فراہم کرنے کیلیے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نابینا افراد کے لئے قانونی حقوق کی حفاظت فراہم کرنے کے لئےکام کیا جائے گا ۔خصوصی افراد کے لئے سوشل ورکرز اور سپورٹ فراہم کی جائے گی اور ان کے خاندان کی ضروریات کا خاص خیال رکھا جائے گا ،عام لوگوں کی طرف سے خصوصی افراد کے ساتھ موزوں سلوک اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کو بڑھانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر اسکول کے پرنسپل نے وزیراعظم کو اسکول کے دورے کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا ۔