اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)فروری کو اندرون و بیرون ملک یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری وزارت امور کشمیر جواد رفیق ملک نے کی۔ اجالاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اُمور کشمیر، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل، جوائنٹ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر کونسل کے علاؤہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، اطلاعات و نشریات، پی ٹی وی، لوک ورثہ، پیمرا، ریلوے ڈویژن، ایوی ایشن ڈویژن، این ایچ اے، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے نمائندوں اور دیگر اہم اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 05 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منانے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارت امور کشمیر کے سیکرٹری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار ہمارا قومی فریضہ ہے اور اس فریضے کی ادائیگی ہم بھرپور انداز سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پچھلی سات دہائیوں سے نہتے کشمیریوں کو ظلم و جبر کا نشانہ بنا رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبہ خودارادیت کو دبانے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں پوری دنیا کے پاکستانی اور کشمیری عوام کی جانب سے اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے کی گئی تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے اور پاکستانی عوام پورے جذبے سے یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور نہ صرف یکجہتی سے بھرپور پیغام ایل او سی کے دوسری جانب پہنچایا جائے گا بلکہ پوری دنیا کو یہ بھی ایک بار پھر بآور کروایا جائے گا کہ تمام تر حالات میں پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ان کو ان کا حق خودارادیت کا پیدائشی حق نہیں مل جاتا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کی گئی تیاریوں سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس دن کو بھرپور انداز سے منانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔