پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شدید سردی کے باوجود آپ لوگ یہاں موجود ہیں، مجھے مری سے بہت پیار ہے، یہ بڑا پیارا شہر ہے۔
مری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مری میرا دوسرا گھر ہے، لاہور کے سواکہیں اتنا نہیں رہا، جتنا مری میں رہا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بہت سالوں کے بعد مری کے عوام سے مخاطب ہوں، مجھے مری کے عوم سے دور کردیا گیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ افسوس ہے، میرےجانے کے بعد اس ملک کو کیا ہوگیا، میں عوام کی خدمت کر رہا تھا، مزید کہا کہ میں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی سستی کی، عوام کے لیے موٹرویز بنائیں، سستی روٹی دی۔
انہوں نے عوام سے سوال پوچھا کہ نواز شریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ والا؟
’وہ کٹے بچے کہاں گئے؟‘
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ججز خود استعفے دے کر گھر جا رہے ہیں، مجھے نکال دیا گیا اور میری جگہ اس کو لائے جس نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، کیا نوکری ملی، ہاتھ کھڑا کرو، وہ کٹے بچے کہاں گئے؟ وہ مرغیاں، وہ انڈے کہاں چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بلین ٹری کا کتنا بڑا جھوٹ بولا، کہا کہ لوگوں کو 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو گھر ملا؟
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انشا اللہ مسلم لیگ (ن) آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں ہسپتال بھی بننا چاہیے، دانش اسکول، یونیورسٹی کیمپس بھی ہونا چاہیے، ہم یہاں پر ایک موٹروے بھی بنائیں گے، مری کے چاروں طرف موٹروے آئے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ آج یوم کشمیر ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔