اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام جی نائن کراچی کمپنی میں یکجہتی کشمیر کانفرنس و انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ کشمیر پر جماعتوں کی خاموشی قابل تشویش ہے، مرکزی مسلم لیگ کشمیر پر کسی صورت خاموش نہیں رہے گی، کشمیر ہماری سلامتی بقاء اور ایمان کا مسئلہ ہے ، یکجہتی کشمیر کانفرنس و جلسہ عام میں شہر بھر سے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، چوہدری شفیق الرحمان کی قیادت میں ترنول سے بڑی ریلی جی نائن جلسہ گاہ پہنچی، اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان ،کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، فلسطینیوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگائے گئے، اسٹیج پر موجود قائدین کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔یکجہتی کشمیر کانفرنس و جلسہ عام سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے ضلعی صدر اور حلقہ این این اے 46 کے امیدوار چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ، کشمیر یوتھ الائنس کے صدر اور آپا جی آسیہ اندرابی کے بھانجے ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی، تاجر رہنما یاسر عرفات بٹ، پیر عظمت سلطان، باروز خان، صدر فیڈریشن اسٹیٹ بنک آف پاکستان شفقت اللہ وڑائچ، نواز چیمہ، انعام الرحمن، رانا زاہد ودیگر رہنماؤں نے خطاب کیا ، چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ سمیت دیگر رہنماؤں کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے دن کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور برصغیر پاک و ہند کی تقسیم نامکمل ایجنڈا ہے، مقررین نے کہا کہ مایوسیوں کو ختم کرنا ہوگا اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی،پاکستان کو عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو ساتھ ملا کر کشمیر کے لیے توانا آواز اٹھانی چاہئے، جس طرح فلسطین کے لیے پوری دنیا کھڑی ہوئی اسی طرح کشمیر کے لیے بھی جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے، مودی سفاک قاتل ہے پاکستان اس پر جنگی جرائم کا عالمی عدالت میں مقدمہ چلائے، آسیہ اندرابی کے بھانجے اور کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر مجاہد گیلانی نے کہا کہ آج پانچ فروری 2024 کو آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹر قاسم فکتو کو جیل میں 31 سال ہوچکے ہیں، مقبوضہ وادی کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ، یاسر عرفات بٹ،انعام الرحمن، رانا زاہد ودیگر کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم این اے 46 کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں محبتیں دیں، اسلام آباد میں صاف پانی نہیں، این اے 46 کی تمام یوسیوں میں پانی نہیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ ترجیحی بنیادوں پر پانی کا مسئلہ حل کرے گی، لاکھوں کی آبادیاں ہیں تعلیم کی کمی ہے، ہم یہاں دس کالجز اور سکول تعمیر کروائیں گے، یہاں سرکاری ملازمین کے مسائل ہیں ان کو حل کریں گے، این اے 46 کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 8 فروری کو کرسی پر مہر لگا کر قوم کے خدمت گاروں کو کامیاب بنائیں