ظفر وال(نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75سے آزاد امیدوار دانیال عزیز کو گرفتارکر لیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ظفر وال میں پولیس نے آزادامیدوار دانیال عزیز کو حراست میں لے لیا،پولیس کی بھاری نفری نے دانیال عزیز کو سنیاری موڑ پر گرفتار کیا۔
سابق ممبر قومی اسمبلی کی اہلیہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دانیال عزیز کو ساڑھے 12 بجے شکر گڑھ سے گرفتار کیا گیا۔ان کی اہلیہ نے بتایا کہ پولیس کے ناکے پر دانیال عزیز کو روکا گیا جہاں سے اہلکار انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کہ دانیال عزیز کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
خیال رہے کہ دانیال عزیز مسلم لیگ ن کی جانب سے ممبر قومی اسمبلی رہ چکے ہیں تاہم الیکشن 2024 میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے آزاد الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔