اسلام آباد( نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے لیکن وزارتیں نہیں لیں گے۔پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا دو روزہ اجلاس آج ختم ہوا، ہمیں پاکستان کا ساتھ دینا ہے پاکستان کومستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کووفاق میں حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں، ہمیں مینڈیٹ نہیں ملا میں تو وزارت عظمی کا امیدوارنہیں ہوں۔ان کا کہنا تھاکہ ہم مرکز میں خود حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، مسلم لیگ نواز نے ہمیں حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی، ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے ہمیں مرکز میں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔
بلاول کا کہنا تھاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وفاقی حکومت کا حصہ بنیں، ہم وفاقی حکومت میں وزارتیں نہیں لیں گے لیکن ن لیگ کے وزارت عظمی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔