اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے معاہدے کے مطابق سی ڈی اے ملازمین کے حج کی قرعہ اندازی کی تقریب چیئرمین آفس سی ڈی اے میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل ایچ آرڈی قیصر خان خٹک،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدر اورنگزیب خان،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی،ڈائریکٹر لیبرریلیشن عطااللہ ملک،ڈائریکٹرآئی ٹی ملک شہزادسمیت سی ڈی اے افسران و ملازمین نے کثیرتعداد میں شرکت کی،اس موقع پر سی ڈی اے کے سکیل نمبر01سے 16تک (نان گزیٹیڈ) ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جس کے مطابق سی ڈی اے کے 48مرداور 02خواتین اس سال انشاء اللہ حج کی سعادت حاصل کریں گے،کامیاب خوش نصیبوں میں اعظم خان آپریٹر،عبدالنوید عباسی مالی،محمد افضل بیلدار،وقار علی بھٹی،سیکورٹی گارڈ،شیرازاحمد الیکٹریشن،شہریارزاہدآپریٹر،غلام شبیرمالی،ملک کامران رشیدہارٹیکلچرسپروائزر،نثاراحمد فارسٹ گارڈ،نرگس بتول سیکورٹی گارڈ،گلشن جان جونیئرٹیکنیشن،اقصیٰ اعوان سٹورکلرک،سیدہ بی بی امتیازاسسٹنٹ سپروائزرو دیگر ملازمین شامل ہیں،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے قرعہ اندازی میں کامیاب تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ آج سی ڈی اے ملازمین کے لیے بڑابابرکت دن ہے او رہر سال کی طرح اس سال بھی سی ڈی اے مزدور یونین کے معاہدے کے مطابق 50ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جو حج کی سعادت حاصل کریں گے جس پر میں سی ڈی اے انتظامیہ خصوصاً ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈی کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے اس بابرکت تقریب میں شرکت کی،سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح وبہبوداور انکی بلاتفریق خدمت ہے،اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سی ڈی اے ملازمین کے تمام مسائل و مطالبات پر چیئرمین سی ڈی اے،انتظامیہ مذاکرات کے ذریعے حل کرے،مزدوروں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے،سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی خدمت کے جذبے کو اسی طرح جاری رکھے گی اور جلد ہی مزدوروں کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈی قیصر خان خٹک نے کہا کہ آج کی حج قرعہ اندازی واقعی سی ڈی اے ملازمین کے لیے انتظامیہ کی طرف سے اہم اقدام ہے،انشاء اللہ مزدوروں کی نمائندہ تنظیم سے مل کر تمام مسائل کو حل کیا جائے گا اور ہم ہرطرح کے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرواتے ہیں۔