راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل کاراولپنڈی میں ہونیوالا پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے مابین میچ بارش کی نذرہوگیا۔دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
راولپنڈی میں بارش کے باعث پہلے میچ کا ٹاس موخر کیاگیاتھا ،دونوں ٹیمیں بھی مقررہ وقت سے اڑھائی گھنٹے بعد سٹیڈیم پہنچیں تھیں۔بارش رکنے کے بعد آؤٹ فیلڈ سے کور ہٹا دیے گئے تھے تاہم جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ میچ جلد شروع ہو جائے گا تاہم ایک بار پھر راولپنڈی میں تیز بارش شروع ہوگئی جس کے باعث اسٹاف نے گراؤنڈ اور وکٹ کو کور سے ڈھانپ دیا۔
ٹیموں کو اس سے قبل دن 12 بجے اسٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم خراب موسم کے پیش نظر ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد مؤخر کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا،مسلسل بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہوسکا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں کیونکہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں مسلسل بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا ہے اور بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔