اسلام آباد(محمد حسین ) فٹبال برادری کی درخواستوں کو مکمل طور پر نمٹانے کیلئے پی ایف ایف کے ڈسٹرکٹ انتخابات کا مرحلہ چند روز کی تاخیر سے شروع ہوگا،ووٹنگ کا حق رکھنے والے کلبز کی فہرست چند روز قبل جاری کردی گئی تھی جب کہ حتمی ووٹر لسٹیں 3 مارچ کو شائع ہونی تھی ،الیکشن کیلئے پلان کو حتمی شکل بھی دی جارہی تھی مگر فٹبال برادری نے انتخابی عمل میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے، اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 900 کلبز کی طرف سے اپیلیں دائر کی گئی ہیں،ان میں سے ابھی تک 397کا فیصلہ کرتے ہوئے کلبز کو مطلع بھی کردیا گیا ہے،دیگر کے کیس زیر غور ہیں،پروفیشنل مگر آزادانہ حیثیت میں کام کرنے والے افراد پر مشتمل الیکٹورل اپیل کمیٹی، پی ایف ایف کے لیگل ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے یہ کام مکمل کرنے کیلئے سرگرم ہے، ڈسٹرکٹ انتخابات کیلئے پی ایف ایف کو ایک ہزار سے زائد نامزدگیاں وصول ہوچکی ہیں،ان معاملات کی وجہ سے فٹبال برادری کے پرزور اصرار پر انتخابی عمل میں چند روز کی تاخیر کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اسٹیک ہولڈرز اس میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔