اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی وجہ سے صدارتی الیکشن کو بلاوجہ متنازع کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو نے محمود اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل بھی کردی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کو محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپہ فاشزم کی انتہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، محمود اچکزئی کے گھر کارروائی کی گئی وہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا میری کل کی تقریر کو مکمل براہ راست نہیں دکھایا جارہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری معصوم ورکر کو احتجاج کرنے پر پولیس نے اس پر تشدد کیا، ہم اس معاملے پر آپ کی توجہ دلانا چاہتے ہیں، انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان کو فوری ہٹایا جائے۔