اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ سائفر اور 9مئی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے ۔
تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصرنے کہا کہ سپریم کورٹ سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے، ایک امریکی ڈپلومیٹ نے حکومت پاکستان کو ڈکٹیٹ کیا،سائفر کو بنیاد بنا کر عمران خان پر مقدمات بنائے گئے، پہلے سائفر کو جھوٹا کہا گیا پھر اس اس پر عمران خان کو سزائیں دی گئیں ،،ڈرانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں خوف کا وقت گزر چکا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ 29 سال گزارے، انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔
اسد قیصر نے اسمبلی میں انکشاف کیا کہ مجھ پر نئی پارٹی بنانے کے لئے دباؤ ڈالا جاتاتھا، میں نے کہا مر جاؤں گا عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، ان انتخابات پر تحفظات رکھنے والی سب جماعتوں کو آئین کی بالادستی کے لئے اکٹھا کریں گے، ہم سب کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بالادستی کے لئے اکٹھا کریں گے، اسلام آباد اور کراچی والوں کو پتہ ہے کہ کون جیتا تھا اور کون ہارا تھا۔