اسلام آباد(عامر رفیق بٹ) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی جانب سے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (NARC) اسلام آباد میں ایک ایوارڈ تقریب منعقد کی گئی جس میں ان ممتاز سائنسدانوں کو ان کی خدمات پر ایوارڈز دیے گیا جنہوں نے مختلف تحقیقی شعبوں جیسے کہ اینیمل سائنسز، پلانٹ جینومکس، ویکسین ڈویلپمنٹ، فلوریکلچر، مگس بانی، فوڈ سیکیورٹی، زرعی تجارت اور دیگر متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ تقریب میں اڑتالیس زرعی سائنسدانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں شاندار خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں چیئرمین زرعی تحقیقاتی کونسل(PARC) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سائنسدانوں سے اپنے خطاب میں چیئرمین پی اے آرسی نے قومی خوراک اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں ادارے کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
محنت اور لگن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے تمام سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں جدت پیدا کریں تاکہ اس عظیم مشن کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔ مزید برآں، چیئرمین پی اے آر سی نے عصری زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الضابطہ تعاون اور جدت طرازی کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو ان کی شاندار کامیابیوں پر سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تحقیق اور ترقی میں اپنی کارکردگی کو جاری رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کونسل اپنے سائنسدانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور سائنسدانوں کو بھی چاہیے کہ وہ قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید جاں فشانی سے کام کریں۔ تقریب کے اختتام پر تمام سائنسدانوں نے چیئرمین پی اے آر سی کو زراعت کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات پر سووینئر پیش کیا اور کونسل کے مالی اور انتظامی مسائل کے حل پر چیئرمین صاحب کا شکریہ ادا کیا۔