مظفرآباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا. اجلاس میں سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر, سابق صدر وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان, موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, وزراء حکومت سردار میراکبر خان, فیصل ممتاز راٹھور, چوہدری محمد رشید, عبدالماجد خان, چوہدری اکبر ابراہیم,چوہدری محمد اخلاق, راجہ محمد صدیق خان, محترمہ نثاراں عباسی, محترمہ نبیلہ ایوب, محترمہ امتیاز نسیم, سرداعامر الطاف, جاوید بٹ, چوہدری قاسم مجید, چوہدری اظہر صادق, میاں عبدالوحید, دیوان علی خان چغتائی, نثار انصر ابدالی, سردار ضیاء القمر, سردار محمد جاوید ایوب خان, جاوید بڈھانوی, چوہدری عامر یاسین, چوہدری یاسر سلطان, محمد اکمل سرگالہ,عاصم شریف بٹ, ظفر اقبال ملک, احمد رضا قادری, ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل, چیئر مین علماء مشائخ کونسل مولانا مظہر سعید نے شرکت کی.اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔اتحادی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے وزیراعظم کو ایوان سے سوشل پروٹیکشن بل کی منظوری پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے عین مطابق معاشرے کے بے آسرا افراد کی مالی معاونت کا اربوں روپے کا پروگرام شروع کر کے وزیراعظم کی حقیقی فلاحی ریاست کی جانب قدم بڑھایا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو یہ خواہش اور ویژن تھا کہ میں معاشرے کے پسے ہوے طبقے کیلیے کوئی کام کروں تاکہ دنیا اور آخرت میں اپنے لئے زاد راہ بنا سکوں۔انہوں نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن پروگرام میرا خواب تھا جسے آج ایوان نے منظور کر کے عملی جامہ پہنایا ہے اس سے معاشرے کے بے سہارہ اور بے آسرا افراد مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام اپنے ایسے افراد کو سوشل سیکیورٹی فراہم کرنا ہے جن کا کوئی والی وارث نہ ہو اور ان کے آمدن کے ذرائع بھی محدود ہوں اس پروگرام کے تحت ایسے افراد کی پروٹیکشن کی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قانون سب کے لئے مساوی ہے کسی کو قانون کے مغائرت کوئی کام نہیں کرنے دیں گے اگر کوئی ایسا کریگا تو اسے احتساب کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ میرے دست وبازو ہیں حقیقی فلاحی ریاست کی منزل حاصل کرنے کیلیے سرگرم عمل ہو جائیں اللہ پاک ہماری مدد کریگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے احتساب کا عمل اپنی ذات سے شروع کیا پھر سب ہر اسے لاگو کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست سے مافیاز کا خاتمہ کر دیا ہے اب کوئی مافیا ریاست کو یرغمال نہیں بنا سکتا۔