مظفرآباد(آئی ایم ایم)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق سے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں دینی و سماجی تنظیم مرکزی سیرت کمیٹی کے نمائندہ وفد صدر مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی کی قیادت میں ملاقات کی۔ آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ بھی موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم چوہدری انوارلحق نے مرکزی سیرت کمیٹی کے دینی وسماجی کردار کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ مرکزی سیرت کمیٹی جس انداز سے آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوان اذہان تک پہنچا رہی ہے اور موجودہ پرفتن ماحول میں اہل بیت اطہارؓ‘ صحابہ کرامؓ اور اولیائے عظامؒ کے احوال سے مسلمانوں کو آگاہ کر رہی ہے وہ قابل تقلید اور قابل پذیرائی ہے۔ صدر مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمدکیانی کی سربراہی میں وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں سیکرٹری جنرل خرم شہزاد اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری و وائس چیئرمین علماء و مشائخ کونسل آزادجموں وکشمیر قاضی محمدسہیل قریشی بھی شامل تھے۔
صدر مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمدکیانی نے وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارلحق کو جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ عتیق احمدکیانی نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں عقیدہ تحفظ ختم نبوت کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرانے اور سات ستمبر کو ہرسال سرکاری سطح پر”یوم تحفظِ ختم نبوت ﷺ“منانے کے اقدام پر بھی حکومت آزادکشمیر کے کردار پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔