پلندری/سدھنوتی(آئی ایم ایم)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق ایک روزہ دورہ پر پلندری پہنچ گئے۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا آزاد پتن پل پر وزراء حکومت سردار محمد حسین خان ایڈووکیٹ، سردار فہیم اختر ربانی ،معاون خصوصی نبیلہ ایوب کی قیادت میں فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ آزاد پتن پل سے عوام نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو آزاد پتن بازار تک لایا جہاں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جہاں عوام الناس کی کثیر تعداد وزیراعظم کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام علاقہ کی طرف سے پر جوش استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ اور خصوصی طور پر آزاد پتن کی تاریخ سے بخوبی آگاہ ہوں یہ مردم خیز دھرتی غازیوں اور شہیدوں سے بھری پڑی ہے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر کو آزاد پتن سے بڑے جلوس کی صورت میں پلندری لے جایا گیا۔پلندری پہنچنے پر وزیراعظم کو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ وزیراعظم پر گل پاشی کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ وزراء حکومت، پیر محمد مظہر سعید شاہ، میاں عبدالوحید، ظفر اقبال ملک، چوہدری محمد اخلاق، محمد اکمل سرگالہ، سردار عامر الطاف، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری محمد ارشد، نثار نصر ابدالی اور مشیر حکومت احمد صغیر بھی موجود تھے۔