اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں، مشعال حسین ملک نے ممتاز کشمیری رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پروفیسر شال، جو جمعہ 29 دسمبر 2023 کو وفات ہوئے نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی تحریک آزادی کے لیے وقف کر دی تھی۔
مشعال ملک نے کہا کہ خطے میں آزادی اور انصاف کے لیے انکے گراں قدر خدمات پر پروفیسر شال کو بڑے احترام اور تحسین کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر نذیر احمد شال کا انتقال کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لیے ایک دکھ کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے ایک محبوب رہنما اور کشمیری عوام کے حقوق کےلئے دنیا میں ایک بلند آواز کھو جانے پر سوگوار ہیں۔
پروفیسر شال کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ پروفیسر شال کی ایک کثیر لسانی فرد، ماہر تعلیم، شاعر، اور انسانی حقوق کے تحفظ کی تحریک کے علمبردار کے طور پر دنیا بھر میں پہچان تھی۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر شال کے وفات نے دنیا بھر میں تمام مظلوم کمیونٹیز کے لیے عالمی وکالت میں ایک واضح خلا چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کشمیر کا ریاستی مقدمہ لڑنے کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم بنانے کا اعلان
مشعال ملک نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے لیے اس نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت اور صبر کی بھی دعا کی۔