مظفرآباد (وسیم بٹ)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزادکشمیر سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیشن کا اعلی سطحی اجلاس ایوان وزیراعظم میں منعقد ہوا. اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, چوہدری اظہر صادق, نثار انصر ابدالی, چوہدری عامر یاسین, مشیر سردار احمد صغیر, چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ, انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک, سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو, پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم کے علاوہ دیگر ممبران کمیشن نے شرکت کی. ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی راجہ طاہر ممتاز نے شرکاء کو ایس ڈی ایم اے کے بجٹ, قدرتی آفات کے دوران فرائض کی انجام دہی کے حوا لے سے تفصیلی بریفنگ دی. اجلاس میں کمیشن نے سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ فنڈ سے ریلیف آئٹم کی خرید کے لئے 69.950 ملین روپے کی منظوری دے دی. اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ ایس ڈی ایم اے کے ملازمین کو ہمہ وقت تیار رہنے کے لئے ٹریننگ اور ریفریشر کورسز کروائے جانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ یہ لوگ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹ سکیں. وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 1122, سول ڈیفنس اور سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو یکجا کرکے ایک ادارہ بنایا جائے تاکہ اس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے. وزیراعظم نے اولین سطح پر میرپور اور مظفرآباد کی سسمک سٹڈی بھی کروانے کی ہدایت کی . انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس کی زیر سربراہی ٹاسک فورس بنائی جائے جو ایس ڈی ایم اے میں موجود مشینری کو ہمہ وقت آپریشنل رکھنے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے . وزیراعظم نے کہا کہ ریسکیو کے اداروں کو مزید مشینری فراہم کریں گے تاکہ کسی بھی قدرتی آفت کے دوران بہتر طریقے سے فرائض انجام دے سکیں. انہوں نے ہدایت کی کہ وہ ادارہ مظفرآباد کے علاوہ پونچھ اور میرپور ڈویژن میں بھی ریلیف کا 20 فیصد سامان رکھے تاکہ کسی بھی مشکل میں کام آسکے. انہوں نے کہا کہ تمام مشینری اور ریلیف آئٹم کی خریداری ٹینڈرنگ کے ذریعے کی جائے تاکہ اس میں مکمل شفافیت ممکن بنائی جا سکے.