اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اساتذہ قوموں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نسل نو کو موجودہ دور کی تعلیم دے کر سماجی، معاشی،اخلاقی اور سیاسی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اسلام آباد کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے گوہرِ پبلیکیشنز کے زیر اہتمام نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اساتذہ کی لائسنسنگ نہیں جس پیشے نے قومی و ملی اہداف کے حصول میں کردار ادا کرنا تھا وہ خود ایڈہاک ازم کا شکار ہیں۔ آج تعلیمی اداروں سے فارغ ہونے والی نسل معاشرے میں مسائل کو حل کرنے کے قابل اس لئے نہیں ہوپاتے کہ ان کو تربیت یافتہ اساتذہ میسر نہیں ۔ انہوں نے پبلشرز کو بھی تجویز دی کہ وہ اساتذہ اور سکول مینجمنٹ کے ساتھ ملکر بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے پروگرام ترتیب دیں آخرمیں انہوں نے اساتذہ میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے