اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسلام آبادکیپیٹل پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کے اعزاز میں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد،تقریب کے مہمان خصوصی چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد تھے،سی ٹی او نے ریٹائر ڈہونے والے پولیس افسران کی محکمہ پولیس کے لئے کی گئی خدمات کو سراہا اور انہیں اعزازی پولیس شیلڈز پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پی محمد ثقلین ،انسپکٹر محمد قاسم اور سب انسپکٹر محمد اعجاز کے اعزاز میں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے بطور مہما ن خصوصی شرکت کی، اس موقعہ پر ایس پی ٹریفک چوہدری عابدحسین،تمام زونل ڈی ایس پیزاور دیگرسینئرپولیس افسران و جوان بھی موجود تھے،اس موقع پر مہمان خصوصی نے ریٹائر ڈہونے والے پو لیس افسران کی محکمہ پولیس کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے جس نے نوکری شروع کی وہ ایک دن ریٹائر ڈبھی ہو گا،آپ نے ایک لمبا عرصہ محکمہ پولیس کی خدمت کی ہے، اب محکمے کو آپ کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے، دوران سروس ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ کچھ ایسے کارنامے سر انجام دیئے جائیں جن سے آپ کا نام روشن ہو اور آپ کے کردار کو اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے،ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ سروس کے دوران زیادہ سے زیادہ عوامی خدمت کرکے اللہ کی خوشنودی حاصل کی جائے،مزید انھوں نے کہا کہ ریٹائر ڈہونے والے افسران نے اپنا زندگی کا قیمتی حصہ محکمہ پولیس میں گزار کر عوام کی خدمت کی، اس کے بدلے محکمہ پولیس نے بھی آپ کو عزت،وقار اور ایک مقام دیا جس پر آپ کو اللہ کا شکر گزار ہونا چاہیے،انھوں نے مزید کہا کہ آپ کو کوئی بھی نجی و سرکاری مسئلہ درپیش ہو تو میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، اس موقع پر ریٹائرڈ ہونیوالے افسران نے عزت افزائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا،تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کی خد مات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی پولیس شیلڈز اور تحائف سے نوازا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف تقریبات