گوجرانوالہ( وسیم بٹ) سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ نے کہا ہے کہ تعلیم کے زیور سے آراستہ خواتین معاشرے کو سدھارنے اور اعلیٰ اقدار کی ترویج میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ،مائوں کی گود درسگاہ بن جائے تو قوم علم کے بام عروج پر پہنچ سکتی ہے۔کہ تعلیم سے قومیں ترقی کرتی ہیںموجودہ دور میں تعلیم اور خواندگی کی شرح کو بڑھا کر ہی ہم ترقی یافتہ قوموں میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہانے سپیئریر گرلز کالج کی سپیئریر نائٹ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفحہ عالم پر اپنی حاکمیت کا نقش ابھارنے کے لئے باصلاحیت اور ذہین طالبات اپنی محنت ،لگن کی بدولت اداروں اور اساتذہ کی پہچان بن جاتی ہیں یہی قوم کی بیٹیاں ہوتی ہیں ۔ اس موقع پر سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ نے سپیرئیر کالج کی طالبات کے لئے ادارہ میں ڈرائیونگ سکول کا قیام اور آئوٹ ریچ ٹیم کے ذریعے ادارہ ھذا میں لائسنسنگ سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ماہر تعلیم و ریجنل ڈائریکٹر سپیئریر گروپ آف کالجز پروفیسر محمد سلیم اولیاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین معاشرے کی تعمیروترقی اورتعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، خواتین کے فعال کردار کے بغیر ملکی ترقی کاخواب شرمندہ تعبیرنہیں ہو سکتا ، خواتین نے ملکی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے سپیئریر گروپ آف کالجز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن کی تعلیم کے فروغ کے لئے کی جانے والی انتھک کاوشوں کو سراہاانہوں نے کہا کہ سپیریئر گروپ نہ صرف تعلیم کے میدان میں بلکہ میڈیا، میڈیکل جیسے شعبہ جات میں لاکھوں طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی پرو فیشنل سہولیات مہیا کررہا ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک بنانے کے لئے تعلیم ہی واحد سہارا ہے ۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ سپیئریر نائٹ کے موقع پر طالبات نے فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک خصوصی ٹیبلو پیش کیا جبکہ ملی نغمیں، تعلیم کے حوالے سے دلچسپ خاکے اور ٹیبلو و دیگر ثقافتی پروگرامز بھی پیش کئے گئے ۔آخر میں سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ اور ریجنل ڈائریکٹرپروفیسر محمد سلیم اولیاء نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی طالبات و اساتذہ میں انعامات تقسیم کئے۔