راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے یونین کونسل38 محلہ اکال گڑھ میں دکانوں کو سیل کرنے کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز کو دکانوں کو سیل کرنے سے قبل نوٹس جاری کرنا چاہیے تھا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر میاں خرم رسول ، پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر رانا رفاقت ، جمیل قریشی، راجہ علی منہاس، سردار قدوس،قیصر یعقوب راجہ ، راجہ قادر زمان ، راجہ ندیم و دیگر نےمحکمہ ایکسائز کی جانب سے سیل کی گئی دکانوں کے دورے کے موقع پر مذمت کرتےہوئے کیا۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ مسلم لیگ ن کے کچھ رہنما ان دکانوں کے سیل ہونے پر سیاست کر رہے ہیں ۔ تاکہ وہ ان دکانوں کو دوبارہ ڈی سیل کرا کر الیکشن کمپین کا حصہ بنائیں ۔ ہم ان اقدامات کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر میاں خرم رسول ،پنجاب کے نائب صدر رانا رفاقت نے کہا کہ پاکستا ن ان دکانداروں کو ذوالفقار علی بھٹو کے دورمیں مالکانہ حقوق دیئے گئے تھے محکمہ ایکسائز کی جانب سے بغیر نوٹس دیئے ان دکانوں کو سیل کیا گیا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کا مسئلہ حل کیے بغیر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں راجہ علی منہاس سردار قدوس و دیگر نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتقال کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔ ہماری جماعت غریب عوام کی جماعت ہے اور ایسے اقدامات کے پیچھے جن عناصر کا ہاتھ ہے پاکستان پیپلز پارٹی ان کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی ۔ پیپلز پارٹی کے دفد کے دورے کے موقع متاثرہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ اچانک دکانیں سیل کرنے سے دودھ دہی کی دکان اور تندور پر آٹا خراب ہو گیا ہے ۔ حکومت ہو ش کے ناخن لے اور غریب عوام کو تنگ نہ کرے ۔