اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کچی آبادیوں عیسیٰ نگری، آئی نائین، ایچ نائن، مشرف کالونی اور دیگر علاقوں میں بسنے والے شہریوں نے اپنے علاقوں میں بجلی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم فراہمی کیخلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ریلی نکالی، ریلی کی قیادت ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنوینئر اور سابق وفاقی وزیر جے سالک نے کی، ریلی میں شریک شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں لالٹینیں اور کرسمس ٹری اٹھائے ہوئے تھے، شرکاء نے چیف کمشنر اسلام آباد اور سی ڈی اے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ وہ ان تمام علاقوں جن میں اب تک بجلی جیسی بنیادی سہولت موجود نہیں ہے وہاں فوری طور پر بجلی فراہم کی جائے تاکہ یہاں بسنے والے شہری کرسمس کی خوشیاں زیادہ اچھے طریقے سے منا سکیں، اس موقع پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے علاقہ مجسٹریٹ نے شرکاء کے مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریلی کے قائدین جمعرات کو درخواست لیکر انکے دفتر میں آجائیں تاکہ اس معاملے کو آگے پراسس کیا جا سکے۔